The difference between pandemic and endemic !! Experts expressed great concern
Posted By: Arshad on 22-09-2021 | 09:44:48Category: Political Videos, Newsپینڈیمک اور اینڈیمک میں فرق !! ماہرین نے بڑے خدشے کا اظہار کردیا
بھارت میں کورونا انفیکشن پر کسی حد تک تو قابو پا لیا گیا ہے لیکن اب بھی تیسری لہر کے اندیشہ کو دیکھتے ہوئے لوگوں میں خوف وہراس پھیلا ہوا ہے۔
اس حوالے سے ویکسین ایکسپرٹ ڈاکٹر گگن دیپ کانگ نے ہندوستان میں کورونا انفیکشن کے “اینڈیمسٹی” یعنی مقامی بیماری کی جانب بڑھنے کا اشارہ دیا ہے۔
انھوں نے امکان ظاہر کیا ہے کہ انفیکشن مقامی سطح پر زور پکڑے گا اور ملک بھر میں پھیل کر وبا کی تیسری شکل اختیار کرے گا لیکن اس لہر کی سنگینی پہلے جیسی نہیں رہے گی۔ یہاں غور کرنے والی بات یہ ہے کہ” پینڈیمک” اور “اینڈیمک” میں فرق ہے جسے جاننے کی ضرورت ہے۔
دراصل پینڈیمک اسٹیج میں وائرس لوگوں پر حاوی رہتا ہے اور ایک بڑی آبادی کو اپنی زد میں لیتا ہے۔ دوسری طرف اینڈیمک اسٹیج میں آبادی وائرس کے ساتھ جینا سیکھ لیتی ہے اور یہ ایپیڈیمک (وبا) سے بہت مختلف ہے۔
پینڈینک کے اینڈیمک اسٹیج میں آنے پر وائرس کا سرکولیشن قابو میں رہتا ہے، لیکن بیماری ختم نہیں ہوتی۔ بیشتر بیماریاں ختم ہونے کی جگہ اینڈیمک اسٹیج میں ہی چلی جاتی ہیں۔
ایک خبر رساں ایجنسی کے ساتھ انٹرویو کے دوران ڈاکٹر گگن دیپ کانگ نے ہندوستان میں کوویڈ19 کے حالات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دوسری لہر کے بعد ملک کی تقریباً ایک تہائی آبادی متاثر ہو چکی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایسے میں کیا ہم اس تہائی میں وہی اعداد و شمار اور وہی پیٹرن پا سکیں گے جو ہم نے دوسری لہر کے دوران دیکھا؟ مجھے لگتا ہے کہ اس کا امکان کم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم مقامی سطح پر انفیکشن کو زور پکڑتے دیکھیں گے جو چھوٹا ہونے کے ساتھ ملک بھر میں پھیلے گا۔ ساتھ ہی انھوں نے متنبہ کیا کہ کورونا انفیکشن کی تیسری لہر بننے کا امکان موجود ہے اگر ہم نے تہواروں کے درمیان اپنا رویہ نہیں بدلا لیکن اس کا پیمانہ اتنا نہیں ہونے جا رہا ہے جو پہلے دیکھ چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے لیے عالمی وبا کی اصطلاح “پینڈیمک” استعمال کی جاتی ہے، پینڈیمک اسٹیج میں وائرس لوگوں پر حاوی رہتا ہے اور اینڈیمک اسٹیج میں آبادی وائرس کے ساتھ جینا سیکھ لیتی ہے اور یہ ایپیڈیمک (وبا) سے بہت مختلف ہے۔
این ڈیمک، ایپی ڈیمک اور پین ڈیمک میں فرق
این ڈیمک
این ڈیمک انفیکشن سے مراد ایسی بیماری ہے جو پورے سال ایک علاقے میں پائی جاتی ہے۔ یہ بیماری ہر وقت اور ہر سال موجود رہتی ہے۔ اس میں چکن پوکس یا خسرے کی بیماری شامل ہے جو ہر سال برطانیہ میں پائی جاتی ہے۔ افریقہ میں ملیریا ایک این ڈیمک انفیکشن ہے۔
ایپی ڈیمک
ایپی ڈیمک یعنی وبا سے مراد ایسی بیماری ہے جس کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہوتا ہے اور پھر اس میں کمی آتی ہے۔ برطانیہ میں ہم ہر سال فلو کی وبا دیکھی جاتی ہے جس میں موسمِ خزاں اور سرما میں مریض بڑھ جاتے ہیں، مریضوں کی ایک چوٹی بن جاتی ہے اور پھر مریضوں میں کمی آتی ہے۔
پین ڈیمک
پین ڈیمک یعنی عالمی وبا ایسا انفیکشن ہوتا ہے جو ایک ہی وقت میں دنیا بھر میں پھیل رہا ہو۔ سنہ 2009 میں سوائن فلو کا پین ڈیمک دیکھا گیا جس کا آغاز میکسیکو سے ہوا اور پھر یہ وبا دنیا بھر میں پھیل گئی۔ اسے فلو کی پین ڈیمک کا نام دیا گیا تھا۔