Top Rated Posts ....
Search

Cantonment board elections, counting of votes continues after polling

Posted By: Akram Khan on 12-09-2021 | 11:21:55Category: Political Videos, News


کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات، پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری
کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی الیکشن کے لیے پولنگ کا مقررہ وقت ختم ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی الیکشن کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے، جس کے ساتھ ہی ووٹوں کی گنتی بھی شروع ہوگئی۔

کنٹونمنٹ بورڈ بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 180 ، مسلم لیگ ن کے 143 اور پیپلز پارٹی کے 112 امیدوار مدمقابل ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہا۔ اس ضمن میں تمام انتظامات کئے گئے تھے۔

پولنگ سٹیشنوں پر امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات رہے۔

کنٹونمنٹ بورڈز الیکشن کے دوران مختلف شہروں کے پولنگ اسٹیشنز پر قواعد کی خلاف ورزیاں جاری رہیں جس پر لڑائی جھگڑے اور دنگا فساد کے واقعات پیش آئے، اس دوران پولنگ کا عمل بھی متاثر ہوا۔

کراچی میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے سلسلے میں جاری پولنگ میں مختلف وجوہات کی وجہ سے کہیں بے نظمی دیکھنے میں آئی تو کہیں ووٹنگ کا عمل سست روی کا شکار رہا۔

کراچی کنٹونمنٹ بورڈ میں کالا پل کے قریب واقع پولنگ اسٹیشن میں بے نظمی نظر آئی۔ ووٹ ڈالنے کے بعد بھی ووٹرز کی پولنگ اسٹیشن میں موجودگی پر پولنگ ایجنٹ نے احتجاج کیا، جس پر پریذائڈنگ افسر کی مداخلت کے بعد متعلقہ ووٹرز باہر نکل گئے۔

منوڑہ کنٹونمنٹ بورڈ میں واقع پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ کا عمل سست روی کا شکار رہا، دونوں پولنگ اسٹیشنز میں تقریباً 50 سے 60 ووٹ کاسٹ ہوئے۔ منوڑہ کنٹونمنٹ بورڈ کے وارڈ 1 کے 2 پولنگ اسٹیشنز میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 سو کے قریب ہے۔

دوسری جانب فیصل کنٹونمنٹ بورڈ وارڈ 1 میں ووٹنگ کا عمل تاخیر سے شروع ہوا جبکہ کلثوم بائی ولیکا اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن میں بھی پولنگ ایجنٹ اور میڈیا نمائندگان کو اندر جانے میں مشکلات پیش آئیں۔

کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے سلسلے میں ہونے والی پولنگ کے دوران کراچی کے کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے وارڈ نمبر 4 سے 2 جعلی پولنگ ایجنٹس کو گرفتار کرلیا گیا۔

Comments...
Advertisement


Follow on Twitter

Popular Posts
Your feedback is important for us, contact us for any queries.