Top Rated Posts ....
Search

Aainda Budget Mein Gaadiyon (Cars) Ki Registration Par Tax

Posted By: Joshi on 29-05-2019 | 18:40:12Category: Political Videos, News


آئندہ بجٹ میں گاڑیوں کی رجسٹریشن پر ٹیکس بالکل ختم کر نے کا فیصلہ
ملتان : پنجاب کے وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول حافظ ممتاز احمد نے کہا ہے کہ پنجاب میں لگژری گاڑیوں کی رجسٹریشن پر عائد ٹیکس بجٹ 2019-20ء میں ختم کررہے ہیں۔ انہوں نے آج یہاں ایوان تجارت وصنعت میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹیکس کی بدولت عوام اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن اسلام آباد سے کرانے کوترجیح دے رہے تھے جہاں پر لگژری ٹیکس نہیں ہے، اس ٹیکس کی بدولت پنجاب میں لگ بھگ 15ہزار سالانہ رجسٹرڈ ہونے والی گاڑیوں کی تعداد کم ہو کر صرف2ہزار سالانہ رہ گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ عوام کی ٹیکس معاملات سے لاعلمی متعلقہ اداروں کے ملازمین کی بلیک میلنگ کا سبب بنتی ہے اور ہم اسے ختم کرنے کے لیے اب ای سسٹم پر منتقل ہورہے ہیں، ستمبر یا اکتوبر میں نئی ایپ کی بدولت آپ گھربیٹھے اپنے تمام ٹیکسز اور واجبات کی ادائیگی اور موجودہ ’’سٹیٹس‘‘ سے آگاہ ہوسکیں گے ، پرانی عمارات پر ٹیکس کی شرح میں کمی کی تجویز حکام کے سامنے رکھیں گے، اس کے علاوہ صنعت کاروں کا یہ مطالبہ کہ انڈسٹریل ایریاز میں چونکہ ضلعی حکومتیں سہولیات مہیا نہیں کرتیں تمام کام ان کے اپنے بورڈزسرانجام دیتے ہیں اس لیے وہاں پراپرٹی ٹیکس لاگو نہیں ہونا چاہئیے ، میں ذاتی طورپر اس سے متفق ہوں اور اس ضمن میں حکومتی سطح پر بھی بات کروں گا۔

حافظ ممتاز نے کہاکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بیوہ خاوتین کی پراپرٹی پر ٹیکس ختم کردیا جائے گا اس کے علاوہ پورے پنجاب میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے ہرضلع کی نمبر پلیٹ کی بجائے ایک ہی سیریز شروع کرر ہے ہیں۔ اب لاہور یا اسلام آباد کے نمبر سے گاڑی رجسٹرڈ کرانے کا مسئلہ ختم ہوجائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ریونیو اکٹھا کرنے والے ادارے صرف20فیصد ریونیو حاصل کرتے ہیں باقی 80فیصد ہمیں این ایف سی ایوارڈ سے حاصل ہوتا ہے، جو اچھی صورتحال نہیں ہے ہمیں نئے ٹیکس لگائے بغیر سسٹم کو مزید فعال کرتے ہوئے ریونیو وصولی کو بڑھانا ہوگا۔

Comments...
Advertisement


Follow on Twitter

Popular Posts
Your feedback is important for us, contact us for any queries.