Top Rated Posts ....
Search

Aik Saal Main Maryam Nawaz Ki Income Main 7 Crore Ka Iazaafa - Read Now

Posted By: Jameel on 06-11-2016 | 02:59:25Category: Political Videos, News


اسلام آباد (انصار عباسی) مریم نواز کی جانب سے 2012ء میں جمع کرائے گئے ٹیکس ریٹرن میں کسی آف شور کمپنی یا لندن کے فلیٹوں کا ذکر نہیں، حالانکہ پاناما پیپرز میں بتایا گیا تھا کہ یہ اثاثے انہیں اسی سال میں ملے تھے۔ آئی سی آئی جے کی جانب سے جاری کیے جانے والے پاناما پیپرز میں بتایا گیا تھا کہ مریم نواز دو آف شور کمپنیوں، نیسکول اور نیلسن، کی بینیفیشل اونر (مالک) ہیں۔ ان دستاویزات پر 22؍ جون 2012ء کی تاریخ درج ہے۔

لیکن، 2012ء میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں جمع کرائے گئے ٹیکس ریٹرن میں انہوں نے آف شور کمپنیوں کا ذکر کیا ہے اور نہ ہی لندن کے فلیٹس کا۔ وزیراعظم نواز شریف اور ساتھ ہی کیپٹن صفدر نے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے اپنے جواب میں یہی بیان دیا ہے کہ مریم کسی آف شور کمپنی کی مالک نہیں ہیں۔ وزیراعظم نے اپنے بیان میں یہ کہا کہ ان کی بیٹی نیسکول، نیلسن اور کومبر نامی کسی کمپنی کی بینیفیشل اونر تھیں اور نہ ہیں۔ پاناما پیپرز کی رپورٹ کے برعکس، حسین نواز نے کچھ ماہ قبل ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ آف شور کمپنیوں کے بینیفیشل اونر ہیں جبکہ ان کی بہن مریم ٹرسٹی ہیں۔

مریم نواز نے 2012ء میں جمع کرائے گئے اپنے دولت ٹیکس (ویلتھ ٹیکس) میں اپنے اثاثوں کی مالیت 173؍ ملین (172963168) روپے بتائی تھی۔ ان میں غیر ملکی جائیداد یا آف شور کمپنیاں شامل نہیں تھیں۔ 2011ء کے ٹیکس سال کے برعکس، مریم نواز نے 2012ء میں اپنی دولت میں 7؍ کروڑ روپے کا اضافہ درج کرایا۔ ان کے ٹیکس دستاویزات کے مطابق، 2012ء کے دوران انہیں اپنے والد میاں نواز شریف کی طرف سے 51؍ کروڑ روپے تحفے میں ملے جبکہ ان کے بھائی حسن نواز نے انہیں 29؍ کروڑ روپے کا قرضہ دیا۔ اسی سال انہوں نے چوہدری شوگر ملز لمیٹڈ میں 5401455؍ شیئرز کی (9؍ ملین روپے) سرمایہ کاری کی ؛ رمضان شوگر ملز میں 270000 شیئرز (1.6؍ ملین روپے) کی سرمایہ کاری کی، محمد بخش ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ میں 482100 شیئرز (4.8؍ ملین روپے) کی سرمایہ کاری کی، حدیبیہ پیپر ملز لمیٹڈ میں 424200 شیئرز (4.2؍ ملین روپے) کی سرمایہ کاری کی، حدیبیہ انجینئرنگ کمپنی پرائیوٹ لمیٹڈ میں 12270 شیئرز (1.2؍ ملین روپے) کی سرمایہ کاری کی جبکہ شمیم شوگر ملز لمیٹڈ میں 700000 شیئرز (70؍ ملین روپے) کی سرمایہ کاری کی۔ 2012ء میں مریم نواز نے 43؍ کنال کی زرعی زمین خریدی، موزا سلطان کی میں 9 مرلہ زمین خریدی، موزا مال میں 67 کنال 5 مرلے زمین 32 ملین روپے میں خریدی اور 140 کنال 3 مرلہ زمین موزا سلطان کی میں 42 ملین روپے کے عوض خریدی۔

ان کے ریٹرن میں غیر زرعی زمین کے متعلق کوئی ذکر شامل نہیں تھا۔ تاہم، انہوں نے 28؍ ملین روپے مالیت کی بی ایم ڈبلیو کار اور 1.8؍ ملین روپے کے بینک بیلنس کا ذکر کیا۔ مریم نے 2 لاکھ روپے کے زیورات اور 27؍ لاکھ روپے نقد کی موجودگی کا بھی ذکر کیا۔ اگرچہ انہوں نے اپنے ٹیکس پیپرز میں اس کا تذکرہ نہیں کیا لیکن بی ایم ڈبلیو کار پر 19؍ ملین روپے کے فائدے کا بتایا۔ 30؍ جون 2011ء تک ان کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 10؍ کروڑ 20؍ لاکھ روپے تھی۔ ایک سال بعد یعنی 30 جون 2012ء کو ان کی دولت میں 17؍ کروڑ 30؍ لاکھ روپے کا اضافہ ہوا۔ 2012ء میں ان کے ذاتی اخراجات 35؍ لاکھ روپے رہے۔

Comments...
Advertisement


Follow on Twitter

Popular Posts
Your feedback is important for us, contact us for any queries.