Finance Minister is hopeful for the approval of the 7 billion dollar IMF program
Posted By: Jabba on 24-09-2024 | 13:16:29Category: Political Videos, Newsوفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف بورڈ میٹنگ کل ہوگی۔ امید ہے آئی ایم ایف 7 ارب ڈالر پروگرام کی منظوری دے گا۔
لاہور میں سی پیک سیمینار سے خطاب میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پالیسی ریٹ کم ہو رہا ہے، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ حکومتی اقدامات سے مہنگائی کی شرح میں کمی آرہی ہے، ملک میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سی پیک فیز ٹو کا آغاز ہونے جارہا ہے، سی پیک کا فیز ون انفرااسٹرکچر اور انرجی پر محیط تھا۔ سی پیک فیز ٹو اس انفرااسٹرکچر کی مونیٹائزیشن پر مبنی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ نجی شعبہ ملکی معیشت کو ترقی دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ معاشی استحکام کے لیے مضبوط بنیاد قائم ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے حصول میں مزید کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان ستمبر 2024 میں آئی ایم ایف اجلاس میں اپنا مقدمہ پیش کرے گا، پاکستان کو رواں مالی سال 26.20 ارب ڈالر ادا کرنے ہیں۔
علاوہ ازیں واشنگٹن میں ڈائریکٹر کمیونی کیشن آئی ایم ایف جولیا کوزک نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف اسٹاف سطح کا معاہدہ جولائی میں طے پایا تھا۔ پاکستان نے 9 ماہ کا اسٹینڈ بائے معاہدہ گزشتہ برس کامیابی سے مکمل کیا۔