All the imported ones have come to the field in support of Imran Khan. Maryam Aurangzeb
Posted By: Khan on 21-05-2023 | 16:50:28Category: Political Videos, Newsوفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نو مئی کے قومی سانحے کا سرغنہ اور ماسٹر مائنڈ ہے مذمتی ڈرامے سے جان نہیں چھوٹے گی ۔ سارے امپورٹڈ عمران خان کی حمایت میں میدان میں آ گئے ہیں دہشت گردوں اور مسلح جتھوں کے سرغنے کی سہولت کاری کوئی انصاف نہیں ہے ۔ ملک میں کسی مجرم کے انسانی حقوق پامال نہیں ہو رہے بلکہ اس بڑے مجرم کی وجہ سے سکولوں کے بچوں ، مریضوں ، جانوروں ، بزرگ شہریوں کے حقوق پامال ہوئے ۔ بچوں کے سکول اور ہسپتال جلا دئیے گئے ۔ اس سے حساب مانگا گیا تو دنگہ فساد شروع کر دیا گیا زمان پارک میں دہشت گرد موجود نہیں ہیں تو تلاشی کیوں نہیں دیتے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کا تماشا اور نوٹنکی روزانہ کی بنیادوں پر جاری ہے، عمران خان کو پہلی بار معلوم ہوا کہ قانون کے شکنجے میں آنا کیا ہوتا ہے، یہ 14 ماہ زمان پارک میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرتا رہ۔ انہوں نے کہا سانحہ 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے، 9 مئی پاکستان کی تاریخ میں سیاہ ترین دن تھا،جناح ہاؤس، کور کمانڈر کا گھر جلایا، شہداکی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی،پی ٹی آئی کے شرپسندوں نے سکولوں، مسجدوں اور عوامی املاک کو جلایا،عمران خان نے وہ کام کیا جس پر دشمن خوش ہوا،پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کارکنوں کو مشتعل کرتی رہی۔مریم اورنگزیب نے کہا پوری قوم 9 مئی کے سانحہ پر آبدیدہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے گناہوں پر پردہ ڈالنے کے لئے سانحہ 9 مئی کی مذمت کی وہ بھی 19 مئی کو کی، اس نے مذمتی ڈرامہ کیا،مذمتی ڈراموں سے جان نہیں چھوٹے گی، اور شہدااور غازیوں کی یادگاروں، حساس تنصیبات پر حملہ کرنے کی مذمت آج تک نہیں آئی، 9 دن کے بعد مذمت قانون کے شکنجے میں آنے کے بعد یاد آئی، عمران خان سے کرپشن کا حساب مانگو تو دنگا فساد برپا کرتے ہیں، عمران خان نے لوگوں کے بچوں کو ورغلاکر سرکاری املاک پر حملہ کرایا، 9 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔یہ سانحہ ناقابل فراموش ہے پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے یہ سازش اور منصوبہ بندی کی گئی اور اب عمران خان اپنے گناہوں پر پردہ ڈالنے کے لیے مذمت کا ڈرامہ کر رہا ہے ایسے جان نہیں چھوٹے گی ۔ قانون کے شکنجے میں آنے کے بعد مذمت کی گئی ۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ زمان پارک دہشت گردی میں ملوث مسلح جتھوں کی پناہ گاہ بنی ہوئی ہے عمران خان نے چوری نہیں کی تو تلاشی دے دو ہماری قیادت نے روزانہ عدالتوں میں پیش ہو کر چالیس سال کا حساب دیا ۔ اگر زمان پارک میں کچھ نہیں ہے تو دروازے کھول دو اور تلاشی دے دو ۔ اصل میں یہ وہاں موجود لوگوں کی پناہ گاہ بنی ہوئی ہے جو ریاست پر حملہ آور ہوئے اور اب عمران خان بے یار و مددگار کارکنوں سے اظہار لا تعلقی کر رہے ہیں ۔ عمران خان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر آرٹیفیشل انٹلی جنس ٹیکنالوجی کے ذریعے ایک خاتون رینجرز و پولیس کی جھوٹی تصویر لگا دی کہ خواتین اس طرح کی بربریت کا سامنا کر رہی ہیں بعد میں اس تصویر کو ہٹا دیا گیا ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ جو لوگ پی ٹی آئی چھوڑ رہے ہیں وہ ایسا اپنی ضمیر کی آواز پر ایسا کر رہے ہیں ۔ پی ٹی آئی چھوڑنے والوں نے اس کی گندی گھٹیا غلیظ سیاست کے حوالے سے منہ پر تھپڑ مارا ہے اور اس کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ۔ عوامی رد عمل پر یہ لوگ اس شرپسند فتنہ فساد کو چھوڑ رہے ہیں اور انہیں اندازہ ہو گیا ہے کہ اس فاشسٹ کے نزدیک کسی کی عزت کی کوئی اہمیت نہیں ہے ۔ عمران خان چار سال پاکستان کی عزت کو رسوا کرتا رہا اور شہباز شریف نے آ کر اسے بحال کیا ۔ جو سائفر لہراتا تھا آج سارے امپوٹڈ اس کی حمایت میں آ گئے ہیں اور جو ان کی سہولت کاری کر رہے ہیں یہ انصاف نہیں ہے ۔