Top Rated Posts ....
Search

Can human life be saved by breathing through the intestines?

Posted By: Akram on 17-05-2021 | 16:25:15Category: Political Videos, News


ٹوکیو: جاپانی سائنسدانوں نے جانوروں پر تجربات میں دریافت کیا ہے کہ بعض جانور اپنے پھیپھڑوں کے ساتھ ساتھ اپنی آنتوں سے بھی سانس لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں؛ جبکہ انہیں امید ہے کہ یہی تدبیر انسانی جان بچانے میں بھی کارآمد ہوسکے گی۔

ان تجربات کے دوران سؤروں اور چوہوں میں پھیپھڑوں کی خراب کارکردگی کا ازالہ کرنے کےلیے آکسیجن گیس یا پھر آکسیجن سے بھرپور مائع، مقعد کے راستے ان کی آنتوں تک پہنچایا۔

آنتوں کی جھلی سے یہ آکسیجن خون میں شامل ہوگئی جس سے ان جانوروں میں آکسیجن کی کمی پوری ہوگئی اور ان کی جان بچ گئی۔

جاپان کی کئی جامعات اور تحقیقی مراکز سے وابستہ ماہرین کی اس مشترکہ تحقیق سے جہاں یہ دریافت ہوا کہ بعض جانور اپنی آنتوں سے بھی سانس لیتے ہیں، وہیں یہ امکان بھی سامنے آیا ہے کہ اس طریقے کو انسانی جان بچانے کے ایک متبادل طریقے کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ سانس لینے کا مقصد ہمارے خون میں آکسیجن شامل کرنا ہوتا ہے۔ بعض مرتبہ شدید بیمار افراد اس حالت میں نہیں ہوتے کہ وینٹی لیٹر استعمال کرسکیں یا پھر وینٹی لیٹر اُن کےلیے مناسب نہیں ہوتا۔

ایسی صورت میں ’’متبادل راستے‘‘ سے خون میں آکسیجن کی شمولیت ان کی جان بچانے میں بہت مدد کرسکتی ہے۔

آن لائن ریسرچ جرنل ’’میڈ‘‘ (Med) کے تازہ شمارے میں شائع ہونے والی اس تحقیق کے ایک مرکزی مصنف اور ٹوکیو میڈیکل اینڈ ڈینٹل یونیورسٹی کے ڈاکٹر تاکانوری تاکیبے کا کہنا ہے کہ اس طرح کا مصنوعی تنفس بطورِ خاص نمونیا یا ’’اے آر ڈی ایس‘‘ (ARDS) جیسی بیماریوں سے شدید متاثر افراد کی جان بچانے میں اہم ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ ان کیفیات میں پھیپھڑوں کےلیے ہوا کی آکسیجن جذب کرنا ممکن نہیں رہتا۔

اب ان سائنسدانوں کا منصوبہ ہے کہ طبّی تحقیق و ترقی کے مرکزی جاپانی ادارے کے تعاون سے یہی طریقہ محدود پیمانے پر، انسانوں پر بھی آزمایا جائے؛ اور کامیابی کی صورت میں اس کی طبّی آزمائشیں (کلینیکل ٹرائلز) شروع کردی جائیں۔

تاہم انسانوں کےلیے مقعد کے راستے آنتوں تک آکسیجن گیس پہنچانا مفید نہیں ہوگا بلکہ یہ کام آکسیجن سے بھرپور مائع سے لیا جائے گا، جس کی بعض اقسام پہلے ہی انسانی استعمال کےلیے مفید قرار دی جاچکی ہیں۔

Comments...
Advertisement


Follow on Twitter

Popular Posts
Your feedback is important for us, contact us for any queries.