Ring Road Scandal Report; PML-N demands arrest of Imran Khan and Usman Bazdar
Posted By: Akbar on 15-05-2021 | 16:00:21Category: Political Videos, Newsلاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ’رنگ روڈ اسکینڈل فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ‘ کے بعد وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی گرفتاری کا مطالبہ کردیا اور کہا ہے کہ یہ بے ضابطگیاں نہیں، 25 ارب سے زائد کا ڈاکہ ہے۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب اور عثمان بزدار رنگ روڈ اسکینڈل کے مجرم ہیں، ان کے ہوتے ہوئے صرف ڈاکا پڑ سکتا ہے بلا امتیاز انکوائری نہیں ہوسکتی بلکہ صرف مافیاز کی سہولت کاری ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب ایک طرف شہبازشریف پر مقدمے بنواتے ہیں اور ای سی ایل میں نام شامل کراتے ہیں تو دوسری طرف شہباز شریف کے بنائے منصوبے کو تبدیل کرکے ”رینٹ سیکرز“ کو فائدہ دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے اربوں روپے کے منصوبے لگائے اور عمران صاحب کو کرپشن کا ایک دھیلا نہیں ملا اور شہباز شریف کا منصوبہ ری الائین کر کے ڈاکہ ڈالا گیا، رنگ روڈ تحقیقاتی رپورٹ کے بعد بلا امتیاز انکوائری کی نہیں گرفتاریوں کی ضرورت ہے۔
ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ عمران صاحب کے اپنے فیصلوں اور دستخطوں سے آٹا، چینی، ایل این جی ، دوائی چوری ہوئی پھر انکوائری کمیشن کا ڈرامہ کیا گیا، رنگ روڈ کے تمام فیصلے عمران خان صاحب کے حکم پہ عثمان بزدار صاحب نے اپنے دستخطوں سے کیے، اب بلاامتیاز انکوائری کا تماشا؟
مریم اورنگزیب نے کہا کہ رنگ روڈ اسیکنڈل کے سربراہ اور سہولت کار عمران خان اور عثمان بزدار ہیں، دونوں کے نام باہر بھاگنے سے قبل ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے اربوں کھربوں کے منصوبوں کو کھنگالنے کے باوجود ایک روپے کی کرپشن ملی، نہ کک بیکس اور نہ ہی بدعنوانی، عمران صاحب کے دور میں کرپشن، بدعنوانی، کک بیکس، رینٹ سیکرز، ایل این جی، آٹا چینی چوری کی وجہ سے عوام غریب اور بے روزگار ہو رہی ہے۔