Pakistan Railways announces clear reduction in freight rates
Posted By: Akram on 10-05-2021 | 16:31:35Category: Political Videos, Newsکراچی: پاکستان ریلوے نے عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران فریٹ ریٹ میں واضح کمی کا اعلان کردیا۔
ریلوے کے مطابق لاک ڈاؤن کے دنوں میں فریٹ ریٹ میں کمی کا مقصد کارگو اور کنٹینر پارٹیز کو بذریعہ ریل ایک پائیدار سروس مہیا کرنا ہے۔ عید کی چھٹیوں کے دوران کوئلے اور کنٹینر کی ویگن پر 5 فیصد اور کارگو ایکسپریس کی بکنگ پر 25 فیصد رعایت دی گئی ہے جب کہ پریمیئم کنٹینر سروس کی بکنگ پر دس ہزار روپے فی ویگن رعایت ہوگی۔
قبل ازیں محکمہ ریلوے عید کی چھٹیوں کے دوران کراچی ڈویژن میں 28 اپ اور ڈاؤن ٹرینین چلانے کا اعلان کرچکا ہے۔ 10 تا 16 مئی کے درمیان روازانہ صبح 9 بجے کراچی سے حیدرآباد اور دن1 بجے حیدرآباد سے کراچی عید اسپیشل ٹرین روانہ ہوں گی۔
اسی طرز پر کوٹری اور میرپور خاص کے درمیان بھی ٹرینیں چلیں گی۔ علاوہ ازیں عید کی چھٹیوں میں 213 موہن جو دڑو ایکسپریس جو کہ کوٹری سے براستہ دادو ہو کر روہڑی پہنچتی ہے اس کے روٹ کو کوٹری سے بڑھا کر کراچی تک کردیا گیا ہے تاکہ عوام الناس کو عید الفطر کے موقع پر سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔