22 Idaaron Ki Security High Alert... Sheikh Rasheed
Posted By: Akram on 22-04-2021 | 08:53:57Category: Political Videos, Newsاسلام آباد: وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 22 اداروں کو سیکیورٹی ہائی الرٹ کی ہدایت جاری کردی ہے، ہم اپنی فوج اور ایجنسیوں کی مدد سے دشمن پر قابو پالیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، دھماکا خود کش تھا، اور خود کش حملہ آورگاڑی میں بیٹھا رہا، دھماکے میں 60 سے 80 سے کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال ہوا، اور اس میں ایک خود کش حملہ آور کے علاوہ 5 افراد جاں بحق ہوئے، حملہ آور کی کوئی شناخت نہیں ہوئی ہے، جب کہ زخمی ہونے والے6 افراد اسپتال میں زیرعلاج ہیں اور ان میں سے 2 کی حالت نازک ہے۔
وزیرداخلہ کا کہنا کہ پاکستان کی معیشت ٹیک آف کررہی ہے، گوادر ملک کی ترقی کا دروازہ ہے، دشمن کو پاکستان کی ترقی برداشت نہیں ہو رہی، اور پاکستان کو اندر سے غیر مستحکم کرنے کی غیر ملکی کوششیں جاری ہیں، بڑے شہروں میں موجود دشمن امن کو خراب کر رہے ہیں، ٹی ٹی پی منظم ہو رہی ہے، پاکستان کے خلاف پڑوسی ملک میں سازشیں کی جارہی ہیں، گزشتہ 10 روز کے اندر 3 لاکھ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کھلے جو بھارت سے آپریٹ ہو رہے ہیں، سوشل میڈیا کا حل نکالنے جارہے ہیں جلد قانون لائیں گے، امن و امان سے متعلق اہم قانون قومی اسمبلی میں لانا چاہتے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ کوئٹہ دھماکے چیف سیکریٹری سے فوری تحقیقات کا کہا ہے، 22 اداروں کو سیکیورٹی ہائی الرٹ کی ہدایت جاری کردی ہے، عظیم فوج اور ایجنسیاں ہماری طاقت ہے، عظیم فوج، ایجنسیاں اور 22 کروڑ عوام کی مدد سے دشمن کے عزائم کو ناکام کرکے ان پر قابو پالیں گے، اسلام آباد میں امن کی صورتحال کا بھی نوٹس لیتے ہیں، ابصار عالم کے کیس کے لیے دو دن کی مہلت دی ہے۔