Woh Kaun Tha? Rain Time - Who Was He?
Posted By: Joshi on 21-07-2019 | 00:52:14Category: Political Videos, Newsوہ کون تھا ۔۔۔؟ بارش والے روز عثمان بزدار کی اپنی گاڑی میں خواتین کو بٹھا کر اگلے سٹاپ پر اتارنے کی ویڈیو بنانے والا گاڑی میں بیٹھا شخص کون تھا ؟ صف اول کے صحافی کا دھماکہ خیز انکشاف
لاہور (ویب ڈیسک) منگل کو یکم ساون تھی اور لاہور میں بادل یوں برسے گویا برسوں سے برسنے کو ترسے ہوں، ماضی کے بہت سارے موقعوں کی طرح ہر سڑک اور گلی میں چھوٹے موٹے دریا بہنے لگے، یہ کامن سینس کی بات ہے کہ کسی بھی شہر میں بارش اس کے پانی کی نکاسی کی
نامور کالم نگار نجم ولی خان اپنے ایک کالم میں لکھتے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔ صلاحیت سے جتنی زیادہ ہو گی پانی اتنا ہی زیادہ اور اتنی ہی زیادہ دیر کھڑاہو گا۔ لاہور میں ایسی طوفانی بارشیں مون سون میں بھی دو، چار مرتبہ ہی ہوتی ہیں جو شہرکو ڈبو کے رکھ دیتی ہیں ، جن کی ویڈیوز بنتی ہیں، سوشل میڈیا پر سٹیٹس اپ لوڈ ہوتے ہیں، الیکٹرانک میڈیا والے بریکنگ نیوز چلاتے ہیں اور اخبارات کی سرخیاں بنتی ہیں ۔ میں لاہور کے بارے میں جانتا ہوں کہ اگر یہاں آپ برساتی پانی کی نکاسی کا ایسا نظام چاہتے ہیں کہ منگل کو ہونے والی بارش کا تمام پانی رکے بغیر نکل جائے تو اس سہولت کے لئے آپ کو سیوریج کی اپ گریڈیشن پر کم از کم (روپے کی ڈی ویلیوایشن کے بعد ) سات سو ارب روپے خرچ کرنے کی ضرورت ہے۔ سال کے چار، پانچ یا دس دنوں میں شہر کی سڑکوں پر تین ، چار گھنٹے پانی کھڑا نہ ہو کیا ہمیں اس سہولت کی اتنی بڑی قیمت دینی چاہئے؟ میں ایک میڈیا پروفیشنل ہوں اور جانتا ہوں کہ عوامی مسائل کا حل حکمرانوں کی ایشوز پر درست اپروچ میں چھپا ہوا ہے اور یہ بھی ازحد ضروری ہے کہ عام وزیروں سے وزرائے اعلیٰ اور وزیر اعظم تک حکومتی ذمہ داروں کی میڈیا پروجیکشن ایسی ہو جو عوام میں امید پیدا کرے۔ مجھے اس شخص کی تلاش ہے جس نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بُزدار کو قائل کیا کہ وہ شہباز شریف بننے کی ناکام اداکاری کریں، انہیں مجبور کیا کہ وہ اپنی قیمتی
گاڑی میں باہر نکلیں اور کچھ سادہ کپڑوںمیں کھڑی کی گئی خواتین پولیس اہلکاروں کو اپنی گاڑی میں لفٹ دینے کی ریکارڈنگ کروائیں۔ شہباز شریف اگر لانگ بوٹ پہن کر پانی میں اتر کر قابل تعریف کام نہیں کرتے تھے تو یقین کیجئے کہ آپ کی اس محنت کا حاصل حصول بھی سستی شہرت کے سوا کچھ نہیں تھا۔ اس تحریر کو اگر نوکری کی درخواست نہ سمجھاجائے تو پی ٹی آئی کو کچھ پروفیشنل میڈیا ایکسپرٹس کی خدمات حاصل کر لینی چاہئیں جو ”کانٹینٹ“ کے بھی ماہر ہوں اورکسی بھی میڈیا ایکٹیویٹی کے اثرات اور نتائج کو جانچنے کی صلاحیت رکھتے ہوں، جی ہاں ، سوشل میڈیا کے اس دور میں کسی بھی ایکٹیویٹی کو اس ماہرانہ نظر سے دیکھنا ازحد ضروری ہے کہ آپ کے کمپی ٹیٹرز (یعنی مخالفین) اس کا پُھلکابنا کر تو نہیں اُڑا دیں گے۔ وزیراعلیٰ کی ویڈیو بنا نے والا شخص اس حد تک حاوی نظر آ رہا تھا کہ عثمان بُزداراس کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے نظر آ رہے تھے جو ان کے اس اولین تاثر کو تقویت دے رہا تھا کہ وہ خود کچھ نہیں کر سکتے۔ یہ احتیاط بہتر رہی کہ وہاں باوردی اورمسلح پولیس والے ہٹو بچو کی صدائیں لگاتے ہوئے نظر نہیں آئے مگر اس امر کا بھی خیال رکھاجانا چاہئے تھا کہ دوسرا ویڈیو بنانے والا پہلے کیمرے کے فریم میں نہ آئے اور ڈائریکٹر بھی اس موقعے پر خاموش رہتا تو بہتر تھا۔ سکرپٹ اور ڈراماٹائزیشن کی دوسری بڑی خامی یہ تھی کہ اس سے پہلے اسی سکرپٹ کی فلم بناکر شہباز شریف ہٹ کروا چکے ہیں۔ اب ضرورت یہ تھی کہ فلم کے سیکوئل میں پہلے سے
زیادہ تھرل ہو مگر یہ تو پہلے والی فلم کے مقابلے میں کہیں زیادہ پھُس پھسی رہی یعنی وزیراعلیٰ اپنی ساڑھے چار ، پانچ کروڑ کی گاڑی سے نیچے ہی نہیں اُترے۔ تیسری بڑی خامی یہ تھی کہ وزیراعلیٰ کچھ خواتین کو لفٹ دے رہے ہیں ، آپ خود سوچئے کہ ایک فلم میں ایک مرد کچھ خواتین کو اپنی قیمتی گاڑی میں لفٹ کی پیش کش کر رہا ہو اور وہ خواتین چادروں میںمنہ چھپا کے گاڑی میں بیٹھ رہی ہوں تو یہ کوئی اٹریکٹو سکرین پلے نہیں ہے۔ بہت ساروں نے کہا کہ اس طرح کے موسم میں اس طرح لاہور کے لونڈے لپاڈے گاڑیاں لے کر نکلتے ہیں، ہاں، اگر سکرپٹ میںکسی بوڑھے کی مدد شامل کر لی جاتی اور برسات میں اسے محنت مزدوری کرتے ہوئے گلے سے لگا لیا جاتا توباقاعدہ کلیپ مل سکتی تھی، یہ ایک نازک نکتہ ہے اُمید ہے جس کا آئندہ خیال رکھا جائے گا۔ سکرپٹ کی چوتھی بڑی خامی یہ سمجھ لیں کہ وزیراعلیٰ اس بارش کے دوران عوام کو سہولت فراہم کرتے ہوئے نچلے درجے کے سرکاری اہلکاروںکی حوصلہ افزائی کرتے اور انہیں شاباش دیتے ہوئے نظر نہیں آئے، ایک ہیرو کو کمزوروں اورماتحتوں کے شفیق، ہمدرد اور مہربان نظر آنا چاہیے۔اگلی بڑی خامی کی طرف بڑھتے ہیں کہ وزیراعلیٰ کو سیف سٹی پراجیکٹ کے ہیڈکوارٹرز میں لے جایا گیا ، پولیٹیکل ڈراماٹائزیشن میں خیال رکھئے، اپنی تعریف کرواتے ہوئے اپنی مخالفین کی تعریف کا پہلو ہرگز مت نکلنے دیں اور نہ ایسا موقع دیں کہ ان کے کارنامے یاد کئے جائیں، اس مقام پر شُوٹنگ کی دو خامیاں رہیں پہلی یہ کہ
سیف سٹی کا منصوبہ شہباز شریف کا بنایا اور لگایا ہوا ہے جو اس موقعے پر سب کو یاد آ گئے اور دوسری یہ سیف سٹی کے کیمرے پانی نکالنے میں کوئی مدد نہیں کرسکتے تھے، اس سے تاثر جاتا تھا کہ آپ مسئلہ حل کرنے کی بجائے صرف تماشا دیکھنے گئے۔ وزیراعلیٰ کو واسا کے ہیڈکوارٹرز میں لے جانا چاہئے تھا جہاں باہر میڈیا کی ڈی ایس این جیزکی لائنیں لگ جاتیں۔وہاں ہونے والی بریفنگز کے لمحہ بہ لمحہ ٹیکرز جاری کئے جاتے اور یہ تاثر دیا جاتا کہ واسا نے لاہور سے جتنا پانی نکالا ہے وہ اصل میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے واسا کے دفتر میں بیٹھ کے خود راوی تک پہنچایا ہے۔اچھے فلم ساز یا ڈراما میکر اپنی تخلیق میں تمام مصالحوں کا خیال رکھتے ہیں اور اس فلم میںمولاجٹ اور نوری نت مصالحہ غائب تھا ۔ پی ٹی آئی کے ووٹر سپورٹر یہی سمجھتے ہیں کہ حکومت کو بیوروکریسی ناکام بنا رہی ہے۔ اس موقعے پر ضروری تھا کہ کچھ افسران کو کھینچا جاتا، جلدی پانی نکالنے پر زور دیا جاتا جس کے دو فائدے ہوتے کہ جہاں سسٹم کی کمی اور کوتاہی جہاں شہباز شریف پر ڈالی جاتی وہاں اپنا ملبہ اور کچرا بھی بیوروکریسی پر پھینک دیاجاتا مگر اس کے برعکس کمزور سکرپٹ رائٹرنے انجمن ستائش باہمی یا اپنی ذاتی پی آر کے چکر میں کمشنر کے نام تعریفی خط جاری کروا دیا جس نے بہت سارے دوسرے افسران کو ناراض کر دیا جو واقعی فیلڈ میں جانفشانی سے کام کر رہے تھے جبکہ کمشنر صاحب تو بوٹ
پہنے یہ انفارمیشن جمع کر رہے تھے کہ وزیر اعلیٰ کہاں جا رہے ہیں تاکہ وہاں پہنچ کر چہرہ دکھا سکیں۔ اس خط میں دی گئی شاباش کو وہ لوگ کبھی تسلیم نہیں کریںگے جو بارش کے پانی میں پھنسے رہے، جن کی گاڑیاںاور گھر ڈوبے رہے۔ ایک اچھاڈائریکٹر ہمیشہ جزئیات کا خیال رکھتا ہے، جب وزیراعلیٰ سے گاڑی ڈرائیو کروائی جا رہی تھی تو ان سے لازمی طور پر سیٹ بیلٹ بندھوائی جاتی تاکہ ان کا تاثر ایک مہذب، قانون پسند شہری کے طور پر اُبھرتا۔ مجھے اگر وہ شخص مل جائے جوڈائریکٹر ، پروڈیوسر کے طور پر ذمہ داریاں سرانجام دے رہا تھا تو میں اس سے بہت ساری دوسری باتوں کے ساتھ ساتھ ایک بنیادی تھیم ضرور ڈسکس کروں جو میں نے برس ہا برس کے تجربے سے سیکھا ہے۔ میںبین الاقوامی سطح کے ایک اجلاس میں موجود تھا کہ ایک سرکاری ادارے کے عہدےدارنے شکایت کہ وہ کام تو بہت کرتے ہیں مگر ان کی پبلسٹی اور مارکیٹنگ نہیں ہے، سامنے ایشیئن ڈویلپمنٹ بنک کے وائس پریذیڈنٹ بیٹھے تھے، ا نہوں نے جواب دیا کہ جب آپ پبلک ڈیلنگ والے کاروبار اور معاملات کرتے ہیں تو کوئی اشتہار آپ کی مارکیٹنگ نہیں کر سکتا جو آپ کی پراڈکٹ یا سروسز سے مطمئن اور خوش ہوتا ہے وہ خود بخود آپ کا سفیر بن جاتا ہے ۔ آپ کی اچھی کارکردگی اور خدمات ہی آپ کی مارکیٹنگ اور پبلسٹی ہے، اگر آپ اس سسٹم کو بہتر بنا دیں گے تو آپ کو ایسے ڈراموں کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی لیکن جب تک یہ نہیں ہوتا تب تک خدارا سستے، تھرڈ کلاس اور سفارشی سکرپٹ رائٹرزکی بجائے اچھے ڈائریکٹرز کی خدمات حاصل کریں تاکہ ہمیںآپ کی کچھ اچھی اور پروفیشنل ویڈیوز دیکھنے کو مل سکیں ۔(ش س م)