The Prime Minister of the Consciousness
Posted By: Joshi on 14-06-2019 | 18:48:14Category: Political Videos, Newsکفایت شعاری کا راگ الاپنے والے وزیراعظم خود دعوؤں کے برعکس کام کرنے لگے
اسلام آباد (نیوزڈیسک) : عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد کفایت شعاری پالیسی اپنانے کا اعلان کیا تھا اور اس کفایت شعاری پالیسی کے تحت پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کئی فیصلے کیے جن میں سے ایک فیصلہ یہ بھی تھا کہ صدر، وزیراعظم اور تمام وزرا اپنے اخراجات اور مراعات میں کمی کریں گے تاکہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں کی حفاظت کی جا سکے اور قومی خزانے کی بچت کی جا سکے۔
اس ضمن میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا تھا کہ غیر ملکی دوروں کے لیے خصوصی طیارے اور پرواز کی بجائے کمرشل پروازوں کا استعمال کیا جائے گا تاکہ اخراجات کو کم سے کم کیا جا سکے لیکن ایسا نہیں ہو سکا اور وزیراعظم عمران خان شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں خصوصی طیارے میں سوار ہو کر کرغزستان پہنچے جس پر انہیں تنقید کا سامنا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کو نجی ٹی وی چینل پر بات کرتے ہوئے ایک خاتون اینکر نے بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ کفایت شعاری کا ڈھول پیٹنے والے وزیراعظم عمران خان خود اپنے کمفرٹ زون سے باہر نکلنے کو ہرگز تیار نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کے وزرا اپنی ہی حکومت کے دعووں کی دھجیاں اُڑا رہے ہیں جس کی تازہ مثال شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے وزیراعظم کا دورہ کرغزستان ہیں جہاں وزیراعظم وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ایک معاون خصوصی کے ہمراہ اپنے خصوصی طیارے میں پہنچے۔ وزیراعظم عمران خان نے اُسی خصوصی طیارے کا استعمال کیا جسے وہ کفایت شعاری اور بچت کے نام پر استعمال نہ کرنے کا بارہا اعلان کر چکے ہیں۔
خاتون اینکر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے وزیراعظم ہاؤس کی بھینسیں بیچنے اور سرکاری اجلاسوں میں چائے بسکٹ کے سستے اعلانات تو کیے لیکن حقیقت وہ ہے جو ہم آئے دن اپنے ٹی وی چینلز پر دیکھتے ہیں۔ بنی گالہ سے وزیراعظم ہاؤس جانا ہو یا پھر بیرون ملک دوروں پر جانا ہو ، وزیراعظم عمران خان اپنے خصوصی طیاروں میں سفر کرنے پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتے۔ وہ الگ بات ہے کہ وہ آئے دن ٹی وی پر آ کر عوام کواسلامی حوالوں سے سادگی اور کفایت شعاری کا سبق ضرور دیتے ہیں۔ انٹرنیٹ صارفین نے بھی اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ وزیراعظم لوگوں کو نصیحت کرتے ہیں لیکن خود اپنے ہی دعووں کی دھجیاں اُڑا رہے ہیں۔