Sindh budget; In salary and pension of government employees
Posted By: Ahmed on 13-06-2019 | 05:48:53Category: Political Videos, Newsسندھ بجٹ; سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 15 سے 20 فیصد اضافہ متوقع
کراچی (نیوزڈیسک) : حکومت سندھ نے مالی سال 20-2019ء کے بجٹ کی تجاویز تیار کر لی ہیں جس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 15 سے 20 فیصد اضافے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ کا نئے مالی سال 20-2019ء کے لیے بجٹ کا تخمینہ 13 کھرب روپے کے لگ بھگ رکھا گیا ہے۔ یہ بجٹ 60 ارب روپے خسارے پر
مشتمل ہوگا۔ جبکہ سندھ کابینہ 14 جون کو بجٹ تجاویز کی حتمی منظوری دے گی۔ سندھ کابینہ 14 جون کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے زیر صدارت اجلاس میں بجٹ تجاویز کی حتمی منظوری دے گی۔ صوبائی حکومت کے بجٹ میں کوئی بھی نیا ٹیکس لگانے کی تجویز شامل نہیں کی گئی۔ ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صوبائی ترقیاتی پروگرام کے لیے 2 کھرب 60 ارب روپے سے 2 کھرب 90 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ جس کے تحت ضلعی ترقیاتی پروگرام کے لیے 35 ارب روپے جبکہ 50 ارب روپے حکومت کی نئی سکیموں کے لیے مختص کیے جائیں گے۔ سندھ کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اورپنشن میں 15سے 20 فیصد اضافے کا اعلان متوقع ہے۔ جبکہ امن وامان کے لیے 105 ارب روپے ،بلدیاتی حکومتوں کے لیے 72 ارب روپے،کراچی شہر میں شاہراہوں، پلوں، فلائی اوورز اور انڈرپاسز کی تعمیر کے لیے 20 سے 30ارب روپے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سندھ پولیس،رونیو سمیت دیگر محکموں میں 20 ہزار نئے ملازمین بھرتی کرنے اوران کی تنخواہوں کے لیے بجٹ مختص
کرنے کااعلان بھی متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کے بجٹ میں تعلیم کے شعبہ میں غیر ترقیاتی بجٹ کو 188.70 ارب روپے سے بڑھا کر آئندہ مالی سال کے لیے 205.739 ارب روپے کر دیا جائے گا۔ جبکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کرنے اورکسان کارڈ متعارف کروانے سمیت دیگر عوامی فلاح وبہبود کی مختلف اسکیموں کا بھی اعلان کیا جائے گا۔ جبکہ محکمہ آبپاشی کے لیے 30 ارب روپے، زراعت کے لیے 7 ارب روپے، محکمہ اوقاف کے لیے 42 کروڑ 50 لاکھ روپے، لاء اینڈ پارلیمانی امور کے لیے سوا 2 ارب روپے ، لائیو سٹاک اینڈ فشری کے لیے ڈھائی ارب روپے سے زائد، محکمہ اقلیتی امور کے لیے ڈیڑھ ارب روپے سے زائد اور سندھ اسمبلی کے لیے 2 ارب روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔