Top Rated Posts ....
Search

Ramzan Ul Mubarak Mein Qaidiyon Keliye Badi Khushkhabri

Posted By: Joshi on 23-05-2019 | 07:41:08Category: Political Videos, News


رمضان المبارک میں قیدیوں کیلئے بڑی خوشخبری۔۔۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے قیدیوں کی سزا میں کتنی کمی کا اعلان کر دیا؟ جانیے
لاہور(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا کے دورہ کے دوران عید الفطر کے موقع پر قیدیوں کے لئے دو ماہ کی معافی کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے سرگودھا کے لئے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے سرگودھا پہنچنے کے فوراً بعد کمپنی با غ میں قائم

رمضان بازار کا دورہ کیا اوراشیائے خورد و نوش کے نرخ اور کوالٹی چیک کی۔ وزیراعلیٰ مختلف سٹالز پر گئے اور صارفین کو سستے رمضان بازار میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے اشیائے خورد و نوش کا وزن بھی چیک کیا اور شہریوں کے مطالبے پر انتظامیہ کو پھل اور سبزیوں کیلئے ا ضافی سرکاری سٹال لگانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے سستے رمضان بازار میں فری میڈیکل کیمپ کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ رمضان بازار عوام کی سہولت کیلئے لگائے گئے ہیں۔ رمضان بازاروں میں عوام کی سہولت کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں اربوں روپے کی حکومتی سبسڈی کے ثمرات عوام تک پہنچائیں گے۔ صوبائی وزراء تیمور خان بھٹی، عنصر مجید خان، رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ، رکن پنجاب اسمبلی مسرت چیمہ، چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد، کمشنر سرگودھا اور آر پی او سرگودھا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا کا دورہ کیا اوردورے کے دوران عیدالفطر کے موقع پر پنجاب بھر میں قیدیوں کے لئے 2 ماہ کی معافی کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے قیدیوں سے مسائل اور صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ نے جیل ڈسپنسری اور ہسپتال وارڈ کا بھی دورہ کیا۔ قیدی مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولتوں کے بارے میں پوچھا۔ وزیراعلیٰ نے زیادہ علیل قیدیوں کو جیل سے باہر علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے قیدی بچوں کی بیرک کا بھی دورہ کیا

اور ان سے دوستانہ ماحول میں بات چیت کی۔ کم عمر بچے کو قتل کے مقدمے میں قید دیکھ کر وزیراعلیٰ نے کیس کی از سر نو تفتیش کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے جیل حکام کو بچوں کے لئے ٹی وی کی فراہمی کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعلیٰ نے ملاقاتی شیڈ جا کر قیدیوں اور ان کے ملاقاتیوں سے بات چیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے قیدیوں اور ملاقاتیوں سے انتظامات کے با رے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ نے جیل کے کچن کا معائنہ کیا اور صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کی۔بعدازاں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سرکٹ ہاؤس سرگودھا میں ارکان اسمبلی، پی ٹی آئی عہدیداروں اور دیگر وفود سے ملاقاتیں کیں۔ملاقات میں رکن قومی اسمبلی عامر سلطان چیمہ، صوبائی وزراء عنصر مجید نیازی، تیمور خان بھٹی، ارکان صوبائی اسمبلی بھی شامل تھے۔ ارکان اسمبلی سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے منتخب نمائندوں کے مطالبے پر سرگودھا کیلئے متعدد ترقیاتی منصوبوں اور ڈویلپمنٹ فنڈز کی فراہمی کا اعلان کیا۔ لاہور سرگودھا روڈ، سرگودھا ساہیوال روڈ اور جھنگ روڈ کی تعمیر و مرمت کیلئے اضافی فنڈز دینے کا اعلان کیا۔ میونسپل کارپوریشن سرگودھا کیلئے ضروری مشینری اور ڈرائیوروں کی بھرتی کی منظوری بھی دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرگودھا میں رنگ روڈ منصوبے کیلئے مزید ترقیاتی فنڈ فراہم کریں گے۔ سرگودھا شہر کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جائے گی۔ سرگودھا شہر میں 250 کنال پر پبلک پارک تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پی ایچ اے سرگودھا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان کی جلد تعیناتی کی ہدایت کی

Comments...
Advertisement


Follow on Twitter

Popular Posts
Your feedback is important for us, contact us for any queries.