Top Rated Posts ....
Search

Tayaar Gandam Ki Faslein Ujadane Ka Khadsha

Posted By: Akram on 16-04-2019 | 19:05:14Category: Political Videos, News


گندم کی تیار فصلیں اجڑنے کا خدشہ، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب کے بیشتر شہروں میں بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی تو آئی ہے لیکن گندم کی تیار فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ منگل کی رات اور بدھ کے روز بھی پنجاب، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ میں بارش اور ژالہ باری کے باعث فصلوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے

مطابق منگل کی رات کو پنجاب، اسلام آباد اور کشمیر میں اکثر مقامات پر جبکہ خیبرپختونخوا میں کہیں کہیں اورکوئٹہ، ژوب، سبی، قلات، سکھر، لاڑکانہ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواؤں ،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔اس دوران مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔ بدھ کے روز گوجرانوالہ ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔منگل اور بدھ کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے کاشتکار حضرات کے لیے اطلاع دی ہے کہ منگل اور بدھ کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، بالائی سندھ، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں متوقع آندھی، بارش اور ژالہ باری کے پیشِ نظر اپنی فصلوں کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ جبکہ دوسری جانب سندھ اور پنجاب میں چلنے والی گرد آلود ہواؤںاور بارشوں کے

بعدہونے والی ژالہ باری نے اب لاہور کا رخ کرلیا ہے۔ لاہور میں پیر کے روز سے تیز ہواؤں اور بارش کا سلسلہ جاری ہے جو منگل کے روز بھی وقفے وقفے سے جاری رہا۔آج لاہور میں سہہ پہر شروع ہونے والی رم جھم بارش اب تیز ژالہ باری کی شکل اختیار کرچکی ہے ۔ لاہور میں ژالہ باری کے باعث سڑکوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی اور برفباری کا گمان ہونے لگا ہے۔ تیز ژالہ باری کے باعث لوگ اپنے گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ خیال رہے کہ اتوار کے روز کراچی سے شروع ہونے والے گردو غبار کے طوفان نے پیر کے روز لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں لوگوں کا بھاری نقصان کیا۔ پیر کے روز پنجاب کے ضلع خانیوال میں ژالہ باری کے باعث گندم اور مکئی کی فصلیں تباہ ہوگئی تھیں۔

Comments...
Advertisement


Follow on Twitter

Popular Posts
Your feedback is important for us, contact us for any queries.