Bharat Par Jangi Janoon Sawaar
Posted By: Akbar on 05-04-2019 | 00:43:47Category: Political Videos, Newsبھارت پر تاحال جنگی جنون سوار،بھارت نے راجستھان اور پنجاب کی سرحد پر ٹینک پہنچا دیئے، بارڈر سے بڑی خبر آگئی
اسلام آباد(نیو زڈیسک)پاکستان کی جانب سے بارہا دوستی کا ہاتھ بڑھائے جانے کے باوجود بھارت پر تاحال جنگی جنون سوار ہے جس کے تحت بھارت نے سرحد پر ٹینک پہنچا دئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے راجستھان اور پنجاب کی بین الاقوامی سرحد پر جنگی ٹینک اور افواج کی تعیناتی شروع کردی ہے۔ بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق بھارتی
ریاست راجستھان اور پنجاب سمیت اتر پردیش اور مدھیا پردیش کی سرحد پر بھی بھارتی افواج کی تعیناتی کا سلسلہ جاری ہے ۔اور یہ اقدام پاکستانی اور بھارتی فورسز کے درمیان جھڑپوں کی اطلاع کے باعث کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ فروری میں بھارتی فضائیہ کی جانب سے پاکستان کے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کے بعد سے تاحال پاک بھارت سرحد پر کشیدگی برقرار ہے۔اس سے قبل بھی جنگی جنون کے ہاتھوں مجبور ہو کر بھارتی فضائیہ نے مشقوں کا آغاز کیا تھا۔ بھارتی فضائیہ کے طیاروں نے پاکستانی سرحد کے ساتھ بھارتی پنجاب اور مقبوضہ کشمیر میں جنگی مشقیں شروع کی تھیں،ان مشقوں میں بھارتی فضائیہ کے طیاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مشقوں میں فرنٹ لائن ائیر کرافٹس بھی موجود تھے،جنہوں نے امرتسر سمیت بارڈر کے ساتھ موجود دیگر اضلاع پر سپر سونک اسپیڈ میں پروازیں کیں۔یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں 14 فروری کو ایک کار خود کش دھماکے میں 40 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے جس کا الزام بھارت نے براہ راست پاکستان پر عائد کیا تھا۔ پلوامہ واقعے کے بعد صورتحال کشیدہ ہوئی اور 26 فروری کی رات
بھارتی فضائیہ نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جس پر پاک فضائیہ کی بروقت جوابی کارروائی پر بھارتی طیارے بالاکوٹ کے قریب نصب ہتھیار پھینکتے ہوئے بھاگ نکلے تھے۔جس کے بعد بدھ کی صبح 27 فروری کو پاک فضائیہ نے بھارت کو سرپرائز دیتے ہوئے بھارت کے دو طیارے مار گرائے جبکہ ایک بھارتی پائلٹ کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔ پاک فوج نے ابھی نندن کو مشتعل ہجوم سے بچایا اور حراست میں لے لیا تھا۔ بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کی گرفتاری کے بعد سے بھارتی میڈیا میں یہ چرچا تھا کہ پاکستان اب پائلٹ کی رہائی کے لیے بھارت کے سامنے شرائط رکھے گا ، بھارتی حکومت نے مؤقف دیا کہ ہم کسی قسم کی شرائط ماننے کو تیار نہیں ہیں۔لیکن جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کا اعلان کیا اور ساتھ ہی کہا کہ ہم بھارتی پائلٹ کو امن کے فروغ کے لیے جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے اس فیصلے کو نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ عالمی سطح پر بھی خوب سراہا گیا تھا۔جمعہ کے روز یکم
مارچ کو بھارتی پائلٹ ابھینندن کو پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت واہگہ بارڈر پر بھارت کے حوالے کر دیا تھا۔ لیکن بھارت ہے کہ اُس پر تاحال جنگی جنون سوار ہے جس کے ہاتھوں مجبور ہو کر بھارت طرح طرح کے اقدامات کر رہا ہے جس سے پاک بھارت کشیدگی کو بڑھاوا دیا جا سکے۔