Top Rated Posts ....
Search

Main Muqaddma Waapis Lene Ko Tayaar Hoon

Posted By: Abid on 06-10-2018 | 20:27:48Category: Political Videos, News


ممبئی (ویب ڈیسک) بولی وڈ کی ڈمپل کوئین 43 سالہ اداکارہ پریتی زنٹا معافی مانگنے کی شرط پر 4 سال قبل 2014 میں اپنے سابق دوست اورانڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی اپنی کرکٹ ٹیم کنگز الیون پنجاب کے شریک مالک کے خلاف دائر کیا گیا جنسی طور ہراساں

کیے جانے کا مقدمہ واپس لینے کو تیار ہوگئی ہیں۔ خیال رہے کہ اپنے دوست نیس واڈیا کے خلاف 4 سال قبل چھیڑ چھاڑ، دست درازی اور ہراساں کرنے کی شکایت درج کروائی تھی۔ اس شکایت میں اداکارہ نے الزام عائد کیا تھا کہ نیس واڈیا نے ان کے ساتھ ممبئی کے وانکھینڈے اسٹیڈیم میں آئی پی ایل کی میچ کے دوران 30 مئی 2014 کو بدتمیزی اور چھیڑ چھاڑ کی۔ اداکارہ کا دعویٰ تھا کہ نیس واڈیا نے ان کا ہاتھ پکڑ کر انہیں نامناسب گالیاں بھی دیں۔ بعد ازاں پریتی زنٹا نے رواں برس فروری میں نیس واڈیا کے خلاف اسی کیس کی چارج شیٹ عدالت میں جمع کرائی تھی۔ اداکارہ نے نیس واڈیا کے خلاف 500 صفحات پر مبنی چارج شیٹ ممبئی میٹروپولیٹن کورٹس کی ’ایسپلاندے کورٹ‘ میں پیش کی تھی۔ چارج شیٹ جمع ہونے کے فوری بعد نیس واڈیا نے 20 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض اپنی ضمانت بھی کروالی تھی۔ اگرچہ نیس واڈیا نے شروع دن سے ہی پریتی زنٹا کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا تھا۔ تاہم رواں برس اگست میں ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نیس واڈیا اس کیس کو حل کرنا چاہتے ہیں، اخبار نے ذرائع سے بتایا کہ کنگز الیون پنجاب

کے شریک مالک چاہتے ہیں کہ معاملہ کسی طرح عدالت سے باہر حل ہوجائے۔ تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ پریتی زنٹا بھی اس کیس کو واپس لینے کو تیار ہیں، مگر وہ چاہتی ہیں کہ نیس واڈیا ان سے معافی مانگیں۔ دکن کیرونیکل کے مطابق پریتی زنٹا اور نیس واڈیا کا یہ معاملہ ممبئی ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے اور تازہ سماعت کے بعد عدالت نے بھی دونوں افراد کو معاملہ حل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ مقدمے کی سماعت کرنے والے ممبئی ہائی کورٹ کی ڈویژنل بینچ کے ججز رنجیت مورے اور بھارتی دنگرے نے نیس واڈیا کی درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران پریتی زنٹا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اداکارہ نیس واڈیا کی جانب سے معافی طلب کیے جانے پر اس کیس کو واپس لینے کے لیے تیار ہیں۔ اداکارہ کے وکیل کے مطابق پریتی زنٹا چاہتی ہیں کہ ان کے سابق دوست ان سے اگر تحریری معافی مانگنا نہیں چاہتے تو وہ زبانی معافی مانگیں، وہ ان کو معاف کرنے اور مقدمہ واپس لینے کو تیار ہیں۔ تاہم سماعت کے دوران نیس واڈیا کے وکیل نے بتایا کہ ان کے مؤکل ایسا کوئی قدم اٹھانے کو تیار نہیں، وہ معافی نہیں مانگیں گے۔ رپورٹ کے مطابق مختصر سماعت کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کردی اور دونوں فریقین کو مشورہ دیا کہ معاملے کو عدالت سے باہر ہی حل کیا جائے تو بہتر ہوگا۔ اب دیکھنا یہ ہےکہ نیس واڈیا اداکارہ اور اپنی کرکٹ ٹیم کنگز الیون پنجاب کی شریک مالک اور سابق دوست پریتی زنٹا سے معافی مانگتے ہیں یا نہیں؟ واضح رہے کہ اس مقدمے درج ہونے سے قبل نیس واڈیا اور پریتی زنٹا میں گہرے تعلقات بھی قائم تھے، دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ بھی دیکھا جاتا تھا۔ بھارتی میڈیا میں یہ چہ مگوئیاں ہوتی رہتی تھیں کہ ان کی شادی ہوگی، تاہم ان کے تعلقات ڈرامائی طور پر ختم ہوگئے، جس کے بعد اداکارہ نے ایک اور امریکی کاروباری دوست جین گڈ اناف سے 2016 میں شادی کرلی۔



Comments...
Advertisement


Follow on Twitter

Popular Posts
PIA Increased It's Operational Fleet

PIA Increased It's Operational Fleet

Views 21 | 22-12-2024
Your feedback is important for us, contact us for any queries.