Top Rated Posts ....
Search

Mujhe Ighwaa Nahi Kiya Gaya Mein Khud Apne Dost Ke Saath Gayi

Posted By: Abid on 05-10-2018 | 19:24:19Category: Political Videos, News


کراچی( ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی سے گزشتہ روز لاپتہ ہونے والی لڑکی سرجانی ٹاؤن سے بازیاب ہوگئی، لڑکی کا موقف ہے کہ اس کو کسی نے اغواء نہیں کیا بلکہ وہ اپنی مرضی سے اپنے دوست کیساتھ گئی تھی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پی آئی بی کالونی سے

ایک 14 سالہ لڑکی کی مبینہ گمشدگی کی رپورٹس سامنے آئی تھیں، جس پر اہلخانہ نے شدید احتجاج کیا تھا۔لڑکی کے اہلخانہ کا موقف تھا کہ وہ صبح سکول کیلئے گھر سے نکلی تھی اور پھر واپس نہیں آئی۔گمشدگی کی رپورٹ پر پولیس نے سرجانی کے علاقے تیسر ٹاؤن میں ایک مکان پر چھاپہ مارا اور لڑکی کو بازیاب کرالیا۔چھاپے کے دوران لڑکی کے ساتھ ایک لڑکا بھی موجود تھا۔پولیس نے لڑکے کو ملزم کی طرح پیش کیا، اس موقع پر ڈی ایس پی نیو ٹاؤن راؤ اسلم نے میڈیا کو بتایا کہ لڑکا، لڑکی کو اغوا کرکے یا ورغلا کر لے گیا تھا،تاہم پولیس کو ریکارڈ کروائے گئے اپنے بیان میں لڑکی نے اصل حقیقت سے پردہ اٹھایا اور بتایا کہ وہ اپنی مرضی سے گئی تھی۔ اور اپنے دوست کیساتھ ہی رہنا چاہتی ہے۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی جمال صدیقی نے پولیس کی کاوشوں کو سراہا اور بازیابی کے لیے جانے والی ٹیم کے لیے 10 ہزار روپے انعام کا اعلان بھی کیا ۔پی آئی بی پولیس نے لوگوں کو توپھوڑ پر اُکسانے کے الزام میں ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کے مطابق فاروق ستار نے لڑکی کے لاپتہ ہونے پر لوگوں کو احتجاج پر اُکسایا۔

دوسری جانب ایک اور خبر کے مطابق کراچی میں قتل، بھتے، اغوا برائے تاوان اور دیگر سنگین جرائم کی100 سے زائد وارداتوں میں مطلوب گینگ وار سرغنہ غفار ذکری کمسن بیٹے اور ساتھی سمیت مقابلے میں مارا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری کے علی محمد محلہ میں لیاری گینگ وار کا اہم ملزم پولیس مقابلے کے دوران اپنے ساتھی اور بیٹے سمیت ہلاک ہوگیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں سب انسپکٹر اور ایک اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ڈی آئی جی ساﺅتھ جاوید عالم اوڈھو کے مطابق لیاری کے علی محمد محلہ میں خفیہ اداروں کی نشاندہی پر سیکیورٹی اداروں نے سرچ آپریشن کیا۔سرچ آپریشن کے دوران گینگ وار ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی اور دستی بم سے بھی حملہ کیا۔پولیس مقابلہ 2 گھنٹے سے زائد جاری رہا۔مقابلہ میں مارا جانے والا غفار ذکری قتل، اغوا، بھتہ خوری کی تقریباً 100 سے زائد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔سندھ حکومت نے شہر کے امن کے لیے دہشت کی علامت بن جانے والے غفار ذکری کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر کررکھی تھی۔غفار ذکری کے ہلاک ہونے والے ساتھی کا نام چھوٹا زاہد عرف بجلی معلوم ہوا ہے، جو ناصرف غفار ذکری کا قریبی ساتھی تھا بلکہ ایک اہم کمانڈر بھی تھا۔ڈی آئی جی ساﺅتھ جاوید اوڈھو کے مطابق گینگ وار سرغنہ غفار ذکری کی کئی دنوں سے علی محمد محلہ میں موجودگی کی اطلاعات تھیں۔

Comments...
Advertisement


Follow on Twitter

Popular Posts
Your feedback is important for us, contact us for any queries.