America Pakistani Hakoomat Ke Saath...
Posted By: Abid on 03-10-2018 | 19:07:17Category: Political Videos, Newsامریکا پاکستانی حکومت کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے، مائیک پومپیو
واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی سیکرٹری آف سٹیٹ مائیک پومپیو نے پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔امریکی سیکرٹری آف سٹیٹ مائیک پومپیو نے پاکستانی وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات کے بعد جاری بیان میں کہا ہے کہ امریکا پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔
امریکی سیکرٹری آف سٹیٹ مائیک پومپیو نے کہا کہ افغان مسئلے کے حل میں پاکستان اہم کردار ادا کر سکتا ھے اور افغان مسئلے کے حل کے لئے افغان طالبان بات چیت کا موقع ضائع نہ کریں۔ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام دونوں ممالک کے مشترکہ مفاد میں ہے، خطے میں مسائل کے حل اور مشترکہ مفادات کے حصول کے لئے پاک امریکا بات چیت کا سلسلہ جاری رھنا چاہیے۔خیال رہے کہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی ان دنوں امریکا کے دورے پر ہیں اور ان کا واشنگٹن میں امریکی حکام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے امریکی وزیر ِ خارجہ مائیک پومپیو اور مشیر قومی سلامتی جان بولٹن سے بھی ملاقات کی، ان ملاقاتوں میں افغانستان کا مسئلہ اور بھارت سے پاکستان کے تعلقات خاص طور سے زیرِ بحث رہے۔وزیرِ خارجہ نے امریکی حکام کو خطے میں بڑھتی بھارتی جارحیت سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ بھارت کے ساتھ تمام مسائل کے حل کے لیے جامع مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔وزیر خارجہ نے افغان مسئلے کے حل کے لیے نئی امریکی کوششوں کا خیر مقدم بھی کیا جبکہ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان مفاہمتی عمل کی حمایت جاری رکھے گا۔