Film Star Syed....Aaj 9 Barsi....
Posted By: Ahmed on 01-10-2018 | 06:44:10Category: Political Videos, Newsاسلام آباد(نیو زڈیسک) پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور اداکار ، ہدایت کار اور پروڈیوسر سید کمال کی آج نویں برسی منائی جا رہی ہے۔سید کمال 27 اپریل 1934 کو بھارت کے شہر میرٹھ میں پیدا ہوئے۔ نوجوانی میں ہی 23 برس کی عمر میں ہجرت کر کے پاکستان آگئے۔
فن ثقافت سے لگائو کی وجہ سے انہوں نے بطور فلمساز کام کا آغاز کیا اور پہلی فلم ٹھنڈی سڑک بنائی۔اس فلم سے ملنے والی حوصلہ افزائی کمال کیلئے مشعل راہ ثابت ہوئی اور انہوں نے مزید فلموں میں اداکاری اور فلمسازی کا سلسلہ شروع رکھا ۔ ویرا، سہاگن، آشیانہ، جوکر، دال میں کالا، باپو، اپنا پرایا، ایاز، مراد ، ان کے کیریئر کی چند یادگار فلمیں تھیں۔ 1968 میں ان کی فلم بہن بھائی ریلیز ہوئی جس پر انہیں نگار ایوارڈ کا حقدار قرار دیا گیا ۔فلموں میں اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑنے کے بعد انہوں نے ٹی وی پر بھی کام کرنے کا فیصلہ کیا اور کمال کا شو کے نام سے ایک ٹی وی پروگرام کی میزبانی بھی کی جس کو خاصا پسند کیا گیا۔ کمال کے ساتھ ساتھ ان کے بیٹے غالب کمال نے بھی فلموں میں قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا مگر وہ بدقسمتی سے زیادہ کامیاب نہ ہوسکے اور جلد ہی فلم انڈسٹری سے رابطہ ختم کر کے ٹی وی سے ناطہ جوڑ لیا۔سید کمال نے آخری عمر میں اپنی شاعری کی ایک کتاب بھی تحریر کی جس کا نام کسب کمال رکھا گیا تھا ۔ سید کمال کو بہترین فلمی خدمات پر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔