Top Rated Posts ....
Search

Jo Nuqsaan Hona Tha Ho Gaya Ab Aar Ya Paar

Posted By: Akbar on 18-09-2018 | 09:12:46Category: Political Videos, News


جو نقصان ہونا تھا وہ ہو گیا اب آر یا پار ۔۔۔۔۔ کلثوم نواز کے جنازے سے اگلے روز نواز شریف سے ملاقات میں حامد میر نے کیا بات اگلوا لی ، میاں صاحب اور انکی صاحبزادی اب کیا کرنے والے ہیں ؟ صف اول کے صحافی نے انکشاف کر دیا
لاہور (ویب ڈیسک) جنازے سے اگلے روز مجھے جاتی امرامیں نواز شریف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات ا ور فاتحہ خوانی کا موقع ملا۔ اس رہائش گاہ میں پہلے بھی ان کے ساتھ کئی مرتبہ ملاقات ہوچکی ہے لیکن پہلے یہاں قہقہے، مسکراہٹیں اور رنگ و خوشبو تھی آج ماحول سوگوار تھا۔

نامور کالم نگار حامد میر اپنے ایک کالم میں لکھتے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ڈرائنگ روم میں نواز شریف کیساتھ خواجہ محمد آصف، پرویز رشید، عرفان صدیقی اور کچھ قریبی رشتہ دار موجود تھے۔ نواز شریف کی آنکھوں میں غم اور اداسی کے سائے نظر آرہے تھے لیکن انکے چہرے پر حوصلہ اور لہجہ پرعزم تھا۔ یہ کہنا بالکل غلط ہے کہ وہ ٹوٹ پھوٹ چکے ہیں۔ میں نے فاتحہ خوانی کے بعد ان کی طبیعت کے متعلق پوچھا تو نواز شریف نے بتایا کہ وفات سے ایک دن قبل کلثوم سے فون پر بات ہوئی تھی۔ اس رات میں سو نہ سکا۔ اگلے دن پتہ چلا کہ ان کی طبیعت خراب ہوگئی۔ پھر ان کی وفات کی خبر آگئی اور وہ رات بھی نہ سوسکا۔ نواز شریف نے بتایا کہ تقریباً اڑتالیس گھنٹے کی بے خوابی کے باعث اور پھر اہلیہ کے انتقال کی خبر سے طبیعت بوجھل ہوگئی لیکن اب وہ بالکل ٹھیک ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے واقعی انہیں صبر اور حوصلہ عطا کردیا تھا۔ کلثوم کے بائوجی ہمارے ساتھ اپنی اہلیہ کے متعلق باتیں کرتے رہے۔ اتنی خوبصورت باتیں وہی کرسکتا ہے جس کا حوصلہ قائم ہو۔ نواز شریف کہہ رہے تھے کہ نجانے یہ کیا راز ہے کہ کلثوم موت کے منہ سے واپس آئیں،
انہوں نے آنکھیں کھول دیں، بات چیت شروع کردی، کھانا پینا بھی شروع کردیا اور پھر اچانک ہمیشہ کے لئے آنکھیں بند کرلیں۔ ہم ان کے جنازے کی باتیں کررہے تھے۔ ایک بزرگ (احمد بن حنبل) کے اس قول پر گفتگو ہوتی رہی کہ لوگوں کے کردار و عمل کا اندازہ ان کے جنازوں سے لگایا جاسکتا ہے۔ بیگم کلثوم نواز صاحبہ کی ادب نوازی کا ذکر آیا۔ ان کی ایک کتاب کا ذکر آیا۔ نواز شریف نے بتایا کہ جبر اور جمہوریت کے نام سے ایک کتاب شائع ہوئی تھی لیکن یہ کلثوم نے نہیں لکھی تھی کسی نے اس پر ان کا نام دے دیا تھا۔ میں نے یاد دلایا کہ انہوں نے زمانہ طالبعلمی میں رجب علی بیگ سرور پر ایک تحقیقی مقالہ لکھا تھا جو کتابی صورت میں شائع ہوا تھا۔ خواجہ آصف بولے یہ تحقیقی مقالہ ڈاکٹر عبادت بریلوی نے لکھوایا تھا اور ڈاکٹر آغا سہیل کی رہنمائی میں لکھا گیا تھا۔ ’’رجب علی بیگ سرور کا تہذیبی شعور‘‘ کے عنوان سے شائع ہونے والی یہ کتاب اب مارکیٹ میں نہیں ہے لیکن جب کلثوم نواز صاحبہ نے یہ تحقیق کی تو وہ کلثوم ریحانہ بٹ تھیں۔ رجب علی بیگ سرور کا تعلق لکھنؤ سے تھا۔ انہیں اپنی کتاب’’فسانہ عجائب‘‘ کی وجہ سےشہرت ملی تھی۔

فسانہ عجائب لکھنؤ کی تہذیب و ثقافت کے متعلق لکھی گئی شاہکار تحریروں میں شمار ہوتی ہے جس پر کتاب کے مصنف نے اٹھارہ مرتبہ نظرثانی کی اور کہا’’جو فقرہ سست پایا اسے چست کیا‘‘ اس خوبصورت کتاب کے مصنف کے تہذیبی شعور پر تحقیق کرنے والی کلثوم نواز صاحبہ بذات خود ا نتہائی نستعلیق، نفیس، شفیق، غریب پرور، بہادر، صابر اور ثابت قدم خاتون تھیں۔ ہر مشکل وقت میں کبھی ا علانیہ کبھی غیر اعلانیہ انہوں نے مجھے حوصلہ دیا اور میری حمایت بھی کی۔ 1998میں سینیٹر سیف الرحمان نے میری آواز دبانے کی کوشش کی تو کلثوم نواز صاحبہ نے مجھے بتائے بغیر وزیر اعظم نواز شریف سے کہا کہ وہ مجھ سے معذرت کریں اور پھر وزیر اعظم صاحب نے مجھ سے معذرت کی۔ 2014میں کراچی میں مجھ پر قاتلانہ حملہ ہوا تو انہوں نے میری اہلیہ کو فون کرکے حوصلہ دیا اور بہت دعائیں دیں۔ پانامہ اسیکنڈل کے بعد اس ناچیز نے نواز شریف حکومت پر کافی تنقید کی لیکن جب نواز شریف کا لندن میں بائی پاس ہوا اور میں ان کی عیادت کے لئے لندن گیا تو وہاں بیگم کلثوم نواز صاحبہ سے آخری ملاقات ہوئی۔ وہ نواز شریف کو سنبھال رہی تھیں کچھ عرصہ بعد اسی ہاسپیٹل میں نواز شریف ان کو سنبھال رہے تھے۔ میں نواز شریف کی عیادت کے بعد اس ہاسپیٹل سے روانہ ہوا تو بیگم صاحبہ نے مسکراتے چہرے کے ساتھ بار بار میرا شکریہ ادا کیا۔ بہت سی دعائیں دیں اور خدا حافظ کہا۔ ہفتہ کی شام نواز شریف اور شہباز شریف سے رخصت لے کر میں بیگم کلثوم نواز کی قبر پر فاتحہ خوانی کے لئے گیا تو ان کا مسکراتا چہرہ میری نظروں کے سامنے گھوم گیا اور ان کی محبت بھری باوقار آواز کانوں میں گونجنے لگی۔ نواز شریف نے جو کھونا تھا کھودیا۔ مزید کھونے کے لئے ان کے پاس کچھ نہیں۔ حکومت نے نواز شریف کو پیرول پر رہا کرکے بہت اچھا کیا لیکن نواز شریف کو کمزور نہ سمجھا جائے۔ بائو جی بڑے حوصلے میں ہیں۔ کسی ڈیل کے لئے تیار نہیں اور بائو جی کا چھوٹا بھائی ان کے ساتھ کھڑا ہے۔(ش س م)

Comments...
Advertisement


Follow on Twitter

Popular Posts
PIA Increased It's Operational Fleet

PIA Increased It's Operational Fleet

Views 15 | 22-12-2024
Your feedback is important for us, contact us for any queries.